مانچسٹر: انگلش کرکٹ بورڈ نے پاک انگلینڈ کرکٹ سیریز کے دوران تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا۔

نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے مابین برمنگھم میں ہونے والے تیسرے ون ڈے میچ میں انیس ہزار شائقین کو اسٹیڈیم میں اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انگلش کرکٹ بورڈ نے گنجائش کے حساب سے صرف 80 فیصد شائقین کو داخلے کی مشروط اجازت دی۔

کرکٹ بورڈ نے ہدایت جاری کی کہ گیارہ سال سے کم عمر اور پچاس سال سے زائد کے لوگوں کو داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اسٹیڈیم آنے والے شائقین کو دو ہفتے قبل کی کرونا منفی رپورٹ اور ویکسین کی دوسری خوراک لگوانے کا ثبوت بھی پیش کرنا ہوگا۔

ترجمان کرکٹ بورڈ نے بتایا کہ شائقین کی میدانوں میں واپسی کے پائلٹ پروجیکٹ کے تحت شائقین کو اجازت دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے چار روزہ ٹیسٹ میچ کے دوران 60 ہزار شائقین کو ایجباسٹن اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی گئی تھی، جس میں کرکٹ بورڈ کو خاصی حد تک کامیابی حاصل رہی۔

یہ بھی یاد رہے کہ برمنگھم میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد آباد ہونے کی وجہ سے میچز میں ہاؤس فل ہی رہتا ہے کیونکہ ہم وطن گرین شرٹس کی حوصلہ افزائی کے لیے اسٹیڈیم ضرور آتے ہیں۔