لاہور: قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ محمد عامر سے کوئی ذاتی مسئلہ نہیں ہے وہ ریٹائرمنٹ واپس لیتے ہیں اور پرفارم کرتے ہیں تو ان کے لیے دروازے کھلے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ محمد عامر نے میری کوچنگ میں کم بیک کیا، انہیں کارکردگی کی وجہ سے ٹیم سے ڈراپ کیا گیا، وہ ریٹائرمنٹ واپس لے کر کارکردگی دکھاتے ہیں تو ان کے لیے دروازے کھلے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ سے پہلے انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کا دورہ اہم ہے، مشکلات آتی ہیں تو معلوم ہوجائے گا ہم کہاں کھڑے ہیں۔

مصباح الحق نے کہا کہ اعظم خان کو لانے کے لیے کوئی دباؤ نہیں تھا، پانچ چھ نمبر پر جن کو موقع دیا گیا وہ پرفارم نہیں کرسکے، اعظم خان کو ان کی صلاحیتوں اور اسٹرائیک ریٹ کی وجہ سے موقع دیا گیا، انہیں فٹنس بہتر بنانے کے لیے ٹارگٹ دئیے گئے ہیں جن پر وہ کام کررہے ہیں۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ کسی بھی کھلاڑی کی فارم کے بارے میں پہلے سے کچھ نہیں کہا جاسکتا، آصف علی اور افتخار احمد پہلے بھی پرفارم کرکے ٹیم میں آئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ فرنچائز کرکٹ اور انٹرنیشنل کرکٹ میں فرق ہوتا ہے، ضروری نہیں جو پی ایس ایل کی کنڈیشنز میں پرفارم نہیں کررہا وہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز جاکر بھی کارکردگی نہ دکھائے، جو لڑکے اس وقت ٹیم میں موجود ہیں ان سے اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔